
اہم ترینتصویری خبرنامہ
کمشنر کراچی کا سٹی اسٹیشن سے اورنگی تک کے سی آر پراجیکٹ پر اہم فیصلہ
کراچی : شہری انتظامیہ نے کراچی میں سرکلر ریلوے بحال کرنے کے لیے آزمائشی طور پر ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں شہری انتظامیہ نے شہر قائد کے باسیوں کی سہولت کے لیے ایک بار پھر سرکلر ریلوے کی بحالی کے لیے اقدامات شروع کردئیے ہیں۔
بتایا گیا کہ اجلاس میں کے سی آر کے شروع کرنے میں رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے مختلف فیصلے کیے گئے
حکام کی جانب سے آزمائشی طور پر ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کمشنر کراچی افتخار شالوانی کا کہنا ہے کہ کراچی سٹی سے اورنگی تک کا ٹریک 2 ماہ میں مکمل ہوگا جس کے لیے ریلویز نے تیاری شروع کردی ہے۔
کمشنر کا کہنا تھا کہ سرکلر ریلوے بحالی کے لیے منصوبہ بندی سے کام کیا جارہا ہے اور رکاوٹیں دور کرنے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
اجلاس کے دوران ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلویز ارشد سلام خٹک نے بریفنگ دی، بریفنگ میں بتایا کہ 6 کلو میٹر ٹریک بنالیا ہے، 8 کلو میٹر ٹریک پر کام جاری ہے۔